نئی دہلی،27جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیراعظم نریندرمودی نے آج کہا کہ حکومت سماج کیغریب طبقے کے لوگوں کی ضرورتوں کے تئیں حساس ہے اورانہیں بااختیاربنانے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔
مختلف سوشل سیکورٹی اسکیموں سے استفادہ کرنے والوں سے مودی ایپ کے ذریعہ بات چیت کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ غریب افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح ہے اوراس کے لئے وہ مسلسل کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی کوشش کا ہی نتیجہ ہے کہ ملک کے 50 کروڑ لوگوں کو مختلف سوشل سیکورٹی اسکیموں کے تحت لایا گیا ہے جبکہ سال 2014 میں صرف پانچ کروڑ لوگ ہی ایسے منصوبے کے تحت تھے۔
نریندرمودی نے کہا کہ ان کی حکومت یہ یقینی بنارہی ہے کہ انشورنس کی پریمیم کم سے کم رکھی جائے تاکہ سماج کے سب سےغریب افراد بھی سرکاری سہولیات کا فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران 20 کروڑسے زیادہ لوگوں کو پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا، پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا اوراٹل پنشن یوجنا کے دائرے میں لایا گیا ہے۔
سینئرشہریوں کے تئیں حکومت کی عہد بندی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمر درازافراد کے سامنے آنے والے صحت کے مسائل کو دیکھتے ہوئے گذشتہ چارسال کے دوران کئی اہم اسکیمیں اورپالیسیاں بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت سینئر سٹیزنس کے فلاح و بہبود کے تئیں وقف ہے۔ انہیں صحت کی سہولیات آسانی سے دستیاب ہوا اوراقتصادی سطح پرانہیں کسی طرح کی پریشانی نہیں ہو، اس کے لئے اسکیموں کے طریقہ کارکونہایت آسان بنایا گیا ہے۔ اسکیم کا فائدہ حاصل کرنے کے عمل کو سہل بنانے سے سینئر سٹیزنس ان اسکیموں سے آسانی سے استفادہ کرسکیں گے۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے 60 سال سے زیادہ عمرکے لوگوں کے لئے 10 سال تک 8 فیصد ریٹرن یقینی بنانے کی اسکیم تیار کی ہے۔ اگرریٹرن8 فیصد سے کم سطح پرآتی ہے، تواس کی بھرپائی حکومت کے ذریعہ کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ سینئر سٹیزنس کوریٹرن کی سہولت کا متبادل بھی دیا گیا ہے اوراس کے تحت انہیں ماہانہ، سہ ماہی، ششماہی اورسالانہ ریٹرن کا متبادل دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب تک اس سہولت کا فائدہ اٹھانے والے شہریوں کی تعداد 3.26 لاکھ پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ سینئرسٹیزنس کو ٹیکس میں بھی راحت دی جارہی ہے اوراس کے تحتسب سے پہلے ٹیکس کے آمدنی کی حد کوڈھائی لاکھ روپئے سے بڑھا کر تین لاکھ روپئے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سبھی جانتے ہیں کہ جیسے جیسے عمربڑھتی ہے صحت سے متعلق پریشانیاں بھی بڑھنے لگتی ہے اورپھردوا اورعلاج کا خرچ بھی اسی رفتار سے بڑھانا شروع ہوجاتا ہے۔ اس صورت حال کو دھیان میں رکھتے ہوئے جن اوشدھی یوجنا شروع کی گئی ہے تاکہ انہیں سستی قیمت پر دوائیں فراہم کی جاسکے۔ گھٹنوں کا آپریشن پہلے کے مقابلے میں زیادہ سستا اور آسان بنایا گیا ہے۔
نریندرمودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے سوشل سیکورٹی اسکیم شروع کی ہے، جو زندگی میں غیریقینی صورتحال میں مددگارثابت ہوتی ہے۔ اس کے تحت سب سے پہلےغریبوں کے لئے بینکوں کے دروازے کھولنے کی اسکیم شروع کی گئی ہے اورچھوٹا موٹا کاروبار شروع کرکے اسے بڑھانے کے لئے سرمایہ فراہم کیا جارہا ہے۔